تحریک انصاف کا اے پی سی بلانیکا فیصلہ، قیمتوں میں اتار چڑھائو ضرور آیا :بیرسٹر گوہر

 اسلام آباد لاہور(بیورو رپورٹ)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے ہم خیال سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے،اس فیصلے کا اعلان چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، اسلام آباد میں دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے،انہوں نے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ نائیجیریا میں قیمتوں میں اس قدر اضافہ نہیں ہوا بلکہ پاکستان ویتنام سے بھی آگے نکل گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایران میں کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھائو ضرور آیا ہے ، تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ حکومت گزشتہ چار سالوں میں معیشت کے لیے کوئی مئوثر اقدامات نہیں کر سکی ،سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف احتجاجی مارچ بھی کئے جائیں گے،7 اپریل کو علیمہ بی بی کی جانب سے پارٹی کے عہدے داروں کو کال دی گئی ہے اورتوقع ہے کہ ہمارے10 ہزارتنظیمی عہدے دار اڈیالہ میں اکٹھے ہوں گے۔9 اپریل کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا راولپنڈی میں جلسہ کریں گے تاہم اگرجلسے کی اجازت نہ ملی تو فیصلہ سڑکوں پر احتجاج کے ذریعے عوامی آواز بلند کرنے کا ہوگا،دریں اثنا لاہور پریس کلب میں دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت قیامت کا سماں ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ پورے معاشرے اور معیشت کو تباہ کر دے گا، ایران کی جنگ کو جواز بنا کر قیمتیں بڑھانا سراسر غلط ہے، جنگ شروع ہونے کے دن فی لٹر لیوی 80 روپے تھی جسے بڑھا کر 160 روپے کر دیا گیا ،انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف اس نظام کو قبول نہیں کرے گی،انہوں نے بتایا کہ عمران خان کسی ڈیل کے لیے تیار نہیں ،اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی نے کہا کہ گزشتہ سال سے گندم بحران اور چینی اسکینڈل پر بھرپور آواز اٹھائی مگر حکومت نے جواب دینا گوارا نہیں کیا، انہوں نے حکومتی بچت مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام سے قربانی مانگی جا رہی ہے جبکہ سرکاری جہاز اور گاڑیاں استعمال ہو رہی ہیں۔