وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں عوام کو مشکل حالات میں ریلیف دینے کے لیے مفت سفری سہولیات فراہم کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں، جس کے تحت میٹرو بس، اورنج لائن میٹرو ٹرین، سپیڈو اور گرین الیکٹرک بسوں میں شہری مفت سفر کر سکیں گے۔اورنج لائن ٹرین سے روزانہ 3 لاکھ سے زائد مسافر فائدہ اٹھائیں گے۔لاہور میٹرو بس سے 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد مفت سفر کریں گے۔سپیڈو بسز کے ذریعے تقریباً 1.75 لاکھ اور گرین الیکٹرک بسوں کے ذریعے روزانہ تقریباً 17,500 مسافر مفت سفر کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت روزانہ تقریباً 9 لاکھ مسافر اس فری سفری سہولت سے مستفید ہوں گے، جبکہ 18 مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں کے ذریعے بھی لاکھوں افراد کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ اس اقدام سے غریب اور متوسط طبقے کو بڑا ریلیف ملے گا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آنے پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی کی جائے گی۔