پاکستان میں مشرق ڈیجیٹل بینک کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت متحدہ عرب امارات میں اکاؤنٹ رکھنے والے پاکستانی شہری پاکستان میں بھی اکاؤنٹ کھول سکتے ہیں اور اپنے گھروں کو مفت ترسیلات زر بھیج سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ لانچنگ تقریب میں وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، مشرق گروپ کے چیئرمین عبدالعزیز الغریر، گروپ سی ای او احمد عبدالال اور بینکنگ ایسوسی ایشن کے رہنما شریک ہوئے۔چیئرمین پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن ظفر مسعود نے کہا کہ مشرق ڈیجیٹل بینک ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا، جبکہ سینئر وائس چیئرمین یوسف حسین نے بتایا کہ الغریر گروپ کے منصوبے پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ وزیرِ مملکت خزانہ نے کہا کہ بینک پاکستان میں 450 افراد کو روزگار فراہم کرے گا، جن میں 45 فیصد خواتین شامل ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بتایا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ لائسنس کے لیے 40 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 5 بینکوں کو اجازت دی گئی ہے اور مشرق بینک نے لانچنگ مکمل کر دی ہے۔