تین بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ریکارڈ 30 اپریل تک مہیا کیا جائے:مراسلہ
ابھی تک نان سیلری بجٹ کی دو اقساط ہی جاری کی گئی ہیں :سکول سربراہان
لاہور(کرائم رپورٹر)سرکاری سکولوں سے بنیادی سہولیات کی فراہمی کی ذمے داری ایجوکیشن اتھارٹیز اور سکول سربراہان پر ڈال دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکول ایجوکیشن اتھارٹیز اور سکول سربراہان کی ذمے داری بڑھا دی۔ سکولوں میں بنیادی سہولیات کی ذمے داری اب ایجوکیشن اتھارٹیز اور سکول سربراہان پورا کریں گے۔اس حوالے سے ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سکول سربراہان سے بجلی،صاف پانی اور وائٹ واش کا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تین بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ریکارڈ 30 اپریل تک مہیا کیا جائے۔ریکارڈ مہیا نہ کرنے والے سکول سربراہان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ سکول سربراہان کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس فنڈز دستیاب نہیں اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی رنگ و روغن کرانے کا کہہ رہی ہے۔مالی سال کی آخری سہ ماہی چل رہی ہے اور ابھی تک نان سیلری بجٹ کی دو اقساط ہی جاری کی گئیں ،پیک امتحانات، داخلہ مہم ،بجلی کے بلوں اور کئیر گیور کی تنخواہوں کی ادائیگی کی وجہ سے فنڈز ختم ہوگئے ہیں۔ایجوکیشن اتھارٹی فی الفور سکولوں کو فنڈز جاری کرے۔