آر جے مہوش نے بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل کے ساتھ تعلقات کی افواہوں پر حیران کن ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ فی الحال مکمل طور پر سنگل ہیں اور اس پر بہت خوش ہیں۔
مہوش نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ شادی کے موجودہ تصور کو سمجھنے میں مشکل محسوس کرتی ہیں اور وہ صرف اس شخص کے ساتھ ڈیٹ کریں گی جس سے انہیں شادی کرنے کا یقین ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ کبھی بھی کسی سے غیر ضروری ملاقات کرنے کی قائل نہیں ہیں اور اپنے جیون ساتھی کی خصوصیات کے بارے میں بتایا کہ انہیں ایسا شخص پسند آئے گا جو ہنسنے ہنسانے والا ہو، چاہے اس کی شکل کی قربانی دینی پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ "جیون ساتھی کو رومانوی اور فلمی بنایا جا سکتا ہے، لیکن آپ کسی کو مذاق کرنا نہیں سکھا سکتے۔"مہوش نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر لڑکی کو مذاق کرنے اور سہنے والے لڑکے کی تلاش کرنی چاہیے۔
سابق تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مہوش نے انکشاف کیا کہ وہ تین سال تک اس شخص کے ساتھ رہیں، باوجود اس کے کہ وہ جانتی تھیں کہ ان کا پارٹنر انہیں دھوکا دے رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایسا اس لیے کرتی تھیں تاکہ لوگ انہیں برا نہ کہیں، کیونکہ ہمیشہ عورت کو ہی تعلقات کے ٹوٹنے کا ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے جو کہ درست نہیں۔
یاد رہے کہ مہوش اور یوزویندر چہل ایک میچ کے دوران اسٹیڈیم میں موجود تھے اور ان کی تصاویر وائرل ہو گئی تھیں۔ اس دوران بھارتی کرکٹر کی اہلیہ سے طلاق کی خبریں زیر گردش تھیں، جس کے بعد چہل اور مہوش کے درمیان خفیہ ملاقاتوں کی مزید تصاویر سامنے آئیں اور یہ افواہیں زور پکڑ گئیں کہ دونوں شادی کرنے جا رہے ہیں۔