سنگاپور: بڑے پیمانے پر مسلمانوں کے قتل کی منصوبہ بندی کرنیوالا نوجوان گرفتار

سنگا پور (آئی این پی) سنگاپور میں ایک نوجوان کو حراست میں لیا گیا ہے جو مبینہ طور پر متعدد مساجد کے باہر درجنوں مسلمانوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔اس حوالے سے سنگاپور کے انٹرنل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے بتایا ہے کہ 17سالہ لڑکے کو مارچ میں حراست میں لیا گیا تھا جو 2019 میں نیوزی لینڈ کی مساجد میں نمازیوں کا قتل کرنے والے سفید فام بالادستی پسند برینٹن ٹیرنٹ کو ہیرو مانتا ہے۔آئی ایس ڈی نے بتایا کہ اس لڑکے نے جمعے کی نماز کے بعد سنگاپور کی 5 مساجد میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔آئی ایس ڈی نے بتایا ہے کہ یہ لڑکا کم از کم 100 مسلمانوں کو مارنا چاہتا تھا تاکہ برینٹن ٹیرنٹ سے زیادہ مسلمانوں کو مارنے کا ریکارڈ بنا سکے اور وہ اپنے حملوں کو لائیو سٹریم بھی کرنا چاہتا تھا۔ یہ لڑکا 18 سالہ نک لی کے ساتھ آن لائن رابطے میں بھی تھا جسے دسمبر میں اسی طرح کے منصوبے بنانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔