وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت پٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مزید شفاف اور قابلِ پیش گوئی بنانے کے لیے مختلف سفارشات پر اتفاق کیا گیا۔
کمیٹی کی سفارشات کا مقصد مارکیٹ کی کارکردگی بہتر بنانا اور صارفین کو قیمتوں میں اچانک اتار چڑھاؤ سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ کمیٹی کی حتمی رپورٹ جلد وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔اجلاس میں ہنگامی حالات کے دوران ڈیزل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کی صورت میں حکومتی مداخلت کے لیے رہنما اصول بھی طے کیے گئے۔کمیٹی نے پٹرول کی ڈی ریگولیشن کے لیے جون 2027 کے ممکنہ ہدف کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں کو بتدریج مسابقتی اور مارکیٹ پر مبنی نظام کی جانب منتقل کیا جائے گا۔اجلاس میں انلینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن (IFEM) کے تعین کے لیے نظرثانی شدہ طریقہ کار پر بھی اتفاق کیا گیا۔اوگرا نے یقین دہانی کرائی کہ مالی سال 2026 کے IFEM کا آڈٹ کیلنڈر سال 2026 کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اوگرا کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے تحریری سفارشات پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔کمیٹی نے کہا کہ پٹرولیم مارکیٹ کی حتمی ڈی ریگولیشن کے پیش نظر مناسب ایندھن کے ذخائر برقرار رکھنا زیادہ موزوں ہوگا۔