وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی راولپنڈی میں بارشوں کی صورتحال پر نظر، متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی راولپنڈی میں بارشوں کی صورتحال پر نظر، متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری

راولپنڈی: محکمہ موسمیات نے 4 اور 5 ستمبر کو مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی، جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور بارش کے دوران انہیں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ جانے دیں۔کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نالہ لئی کے اطراف میں رہائش پذیر شہریوں کو بھی محتاط رہنے اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لیے واسا کو مکمل طور پر الرٹ کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق واسا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر تمام متعلقہ ادارے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔