لاہور: اسکول طالبہ سے زیادتی کا الزام، کاہنہ پولیس نے ملزم گرفتار کرلیا

لاہور: اسکول طالبہ سے زیادتی کا الزام، کاہنہ پولیس نے ملزم گرفتار کرلیا

لاہور: کاہنہ پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے اسکول طالبہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ایس پی اسد علی کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر متاثرہ لڑکی کو ورغلا کر اس سے دوستی کی اور اس کے ساتھ تصاویر بنائیں۔ بعد ازاں انہی تصاویر کی بنیاد پر لڑکی کو بلیک میل کیا اور مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق متاثرہ لڑکی گھر سے اسکول جانے کے لیے نکلی تھی، تاہم ملزم مبینہ طور پر اسے بلیک میل کرکے شہزادہ روڈ پر واقع ایک گھر میں لے گیا، جہاں اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔پولیس نے ملزم کشمائل کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے جینڈر سیل کے حوالے کردیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچیوں کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔