بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے اپنی تعلیم مکمل نہ کر پانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات آج بھی ان کے ساتھ کہیں نہ کہیں موجود ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متعدد سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے باوجود کرینہ کپور اپنی زندگی کے ایک فیصلے سے ناخوش ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ نے اپنی تعلیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی تعلیم کبھی مکمل نہیں کی اور اس بات کا انہیں آج بھی افسوس رہتا ہے۔کرینہ کپور نے بتایا کہ ان کے پاس تعلیم جاری رکھنے کا موقع موجود تھا، تاہم وہ فلمی دنیا میں آگئیں اور گیارہویں جماعت کے بعد مزید تعلیم حاصل نہیں کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ بہت سے لوگ اس بات کا مذاق اڑا سکتے ہیں یا اس حوالے سے مختلف باتیں کہہ سکتے ہیں، لیکن اس وقت وہ بطور اداکارہ خود کو منوانا چاہتی تھیں۔ ان کے مطابق اداکاری وہ کام تھا جسے وہ دل سے کرنا چاہتی تھیں، اسی لیے انہوں نے فلمی کیریئر کو ترجیح دی۔
کرینہ کپور نے اعتراف کیا کہ تعلیم مکمل نہ کر پانے کا افسوس انہیں آج بھی رہتا ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کے معاملے میں خاص طور پر محتاط ہیں۔اپنے دونوں بیٹوں تیمور اور جے (جہانگیر) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے بیٹے مستقبل میں اپنی دلچسپی اور شوق کے مطابق کیریئر کا انتخاب کریں، تاہم پہلے وہ اپنی تعلیم مکمل کریں اور اس کے بعد اپنے دل کی آواز پر عمل کریں۔کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ بچوں کو اپنے خواب پورے کرنے کی آزادی ہونی چاہیے، لیکن تعلیم مکمل کرنا بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔