مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل، رانا ثنا اللہ، احسن اقبال پر مشتمل حکومتی وفد منصورہ میں عہدیداروں سے ملاقات کرے گا

جماعت اسلامی آج ملک گیر ہڑتال
ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ،لانگ مارچ کے لیے اپوزیشن سے بھی مشورہ کریں گے، اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت گراؤ تحریک چلائیں گے:امیرجماعت اسلامی پاکستان  حافظ نعیم الرحمان
لاہور(کرائم رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف  آج پورے ملک میں تاریخی ہڑتال ہوگی، جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے اور مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت گراؤ تحریک چلائیں گے۔ مال روڈ لاہور میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی کی تمام مارکیٹوں کی تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کی ہے، لاہور کے تاجروں نے بھی حمایت کی ہے اور کل تمام مارکیٹیں بند ہوں گی۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں بھی بڑے بڑے احتجاجی کیمپ لگے ہیں اور ہرگزرتے دن کے ساتھ عوام کی حمایت بڑھ رہی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لیوی بھتہ، بجلی کے فکسڈ چارجز سے ہر کوئی پریشان ہے، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی کی تمام مارکیٹیں بند ہوں گی، ہمارا ذاتی مسئلہ نہیں ہے بلکہ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین عوام، تاجروں سے رابطے میں ہیں، پشاور میں اس وقت چار مقامات پر دھرنے چل رہے ہیں، چترال، سکھر اور سندھ کے کئی مقامات پر بھی دھرنے جاری ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج پورے ملک میں تاریخی ہڑتال ہو گی، لوگ ہڑتال کر رہے ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) نے دھندہ شروع کر دیا، ایک طرف مذاکرات کرتے ہیں، دوسری جانب زبردستی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گرفتاریاں بھی ہو سکتی ہیں، جتنے ظلم کر سکتے ہو کر لو، ہڑتال ضرور ہو گی، جماعت اسلامی پرامن سیاسی مزاحمت پر یقین رکھتی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے، تاجروں پر دباؤ نہ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ  آج ہڑتال کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، راولپنڈی والے تیاری کر لیں، وہاں بھی دھرنا شروع ہوگا، جن اضلاع میں ابھی دھرنے نہیں ہوئے وہاں بھی شروع کریں گے، ہم حق کے ساتھ ہیں، لانگ مارچ کے لیے اپوزیشن سے بھی مشورہ کریں گے۔دھرنے کے شرکا سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسلام  آباد لانگ مارچ کے لیے پوری قیادت بھی کارکنوں کے ساتھ ہوگی، عوام کو اکٹھا کر کے ملک بھر میں پیدل لانگ مارچ شروع کریں گے، چاروں اطراف سے لاکھوں کی تعداد میں اسلام آباد پہنچیں گے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر پھر بھی مسئلہ حل نہ ہوا تو حکومت گراؤ تحریک چلائیں گے۔دوسری طرف مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل، رانا ثنا اللہ،  احسن اقبال پر مشتمل حکومتی وفد منصورہ میں عہدیداروں سے ملاقات کرے گا