بیٹے کی رہائی کی درخواست منظور ہونے پر والدہ اور بہن کمرہِ عدالت میں آبدیدہ ہو گئیں
اسلام آباد(آئی این پی ))اسلام آباد ہائیکورٹ نے چین سے منشیات کیس میں گرفتار ہونے والے سزا یافتہ مجرم کی 12 سال بعد رہائی کی درخواست منظور کرلی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے مجرم سید جلال حیدر کی سزا مکمل ہونے پراسے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے احکامات جاری کر دئیے،درخواست گزار کی جانب سے وکیل حسنین حیدر تھہیم نے کیس کی پیروی کی۔وکیل درخواست گزارکے مطابق مجرم سید جلال حیدر کو 350 گرام ہیروئن کی برآمدگی پر چین میں گرفتار کیا گیاتھاجس کے بعد اسے چین میں 15 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ وکیل درخواست گزارکے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت جلال حیدر کو پاکستان لایا گیا، پاکستانی قانون کے تحت مجرم نے پاکستان میں اپنی سزا پوری کی، سزا مکمل ہونے پر رہا کیا جائے۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہاکہ مجرم کو ریلیف دینے سے پاک چائنہ تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں، جسٹس خادم حسین سومرو نے استفسارکیاکہ مجرم کو جیل میں کتنا عرصہ ہو گیا ہے؟وکیل حسنین تھہیم نے بتایاکہ مجرم کو جیل میں بارہ سال ہو گئے ہیں جبکہ پاکستانی قانون کے مطابق دس سال گزارنے تھے، مجرم پہلے ہی سزا سے دو سال زیادہ عرصہ جیل میں کاٹ چکا ہے،عدالت نے مجرم جلال حیدر کی درخواست منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس خادم سومرو نے کمرہ عدالت میں موجود مجرم کی والدہ سے مکالمہ کیاکہ آپ کا بیٹا آج ہی رہا ہو جائے گا،بیٹے کی رہائی کی درخواست منظور ہونے پر والدہ اور بہن کمرہِ عدالت میں آبدیدہ ہو گئیں۔