راولپنڈی(آئی این پی )پاک بحریہ کی بڑی بحری مشق سی اسپارک 2026 کا کراچی میں آغاز ہوگیا، نیول چیف نے مشق کی افتتاحی بریفنگ کی صدارت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی تیاری، سمندری خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں آپریشنل استعداد کا جائزہ لینا ہے۔ مشق میں پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز، آبدوزیں، طیارے اور بغیر پائلٹ نظام حصہ لے رہے ہیں، جبکہ میرینز، اسپیشل فورسز کے علاوہ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے دستے بھی مشق کا حصہ ہیں۔اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں غیر متزلزل جنگی تیاری ناگزیر ہے، انہوں نے تینوں سروسز کے درمیان تعاون کو مزید موثر بنانے پر بھی زور دیا۔ نیول چیف نے پی این فلیٹ یونٹس کا دورہ کرکے جاری آپریشنز کا جائزہ بھی لیا