پاک بحریہ اور امریکی بحریہ کی شمالی بحر ہند میں مشترکہ مشق

 پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس شمشیر اور امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس فٹزجیرالڈ نے حصہ لیا
اسلام آباد (آن لائن) شمالی بحر ہند میں پاک بحریہ اور امریکی بحریہ کے درمیان ایک اہم بحری مشق (PASSEX) کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان نیوی کے جہاز پی این ایس شمشیر اور امریکی بحریہ کے جہاز یو ایس ایس فٹزجیرالڈ نے حصہ لیا۔ اس مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ مشق میں مختلف پیشہ ورانہ سرگرمیاں شامل تھیں جنہوں نے دونوں افواج کی صلاحیتوں، مشترکہ ردعمل اور بحری رابطے کو مزید مؤثر بنایا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایسی مشقیں نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ بحر ہند کے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی، امن اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاس بھی ہیں۔ پاک بحریہ علاقائی اور عالمی سیکیورٹی کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔