وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان میں زلزلے سے متاثرہ مریضوں کو اپنے صوبے میں علاج فراہم کیا جائے گا۔
اپنے ویڈیو بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغان بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور زلزلہ متاثرین کے لیے ادویات اور دیگر ضروری سامان افغانستان بھیج دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جن مریضوں کو طبی علاج کی ضرورت ہے، انہیں خیبر پختونخوا میں علاج فراہم کیا جائے گا، اور اگر افغان حکومت کو میڈیکل ٹیموں کی ضرورت ہو تو ٹیمیں بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ افغان حکومت سے رابطے میں ہیں اور ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل افغانستان میں شدت 6 کے زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور سیکڑوں گھر منہدم ہو گئے۔