کراچی: سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سیلاب کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر کچے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے رشتہ داروں یا حکومتی ریلیف کیمپس میں فوری طور پر منتقل ہوں۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں، بشمول گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہے اور اب یہ ریلا صوبہ سندھ میں داخل ہونے والا ہے۔انہوں نے ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ حکومت سندھ نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے مکمل اقدامات کر رکھے ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات کے تحت تمام وزراء اور متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
شرجیل میمن نے عوام کو خبردار کیا کہ کچے کے علاقوں میں بہت کم وقت باقی ہے، اس لیے بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونا ضروری ہے تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ آن گراؤنڈ موجود اور متحرک ہے اور عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔ اگر پانی پہنچ گیا تو لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالنا پڑ سکتا ہے، جو ایک بڑا چیلنج ہوگا اور اس دوران حادثات کا خدشہ بھی موجود ہے۔