سیلاب کی تباہ کاریاں: زرعی زمینیں متاثر، سبزیوں کی قلت اور مہنگائی کا اندیشہ

سیلاب کی تباہ کاریاں: زرعی زمینیں متاثر، سبزیوں کی قلت اور مہنگائی کا اندیشہ

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دریائے راوی کے بپھرنے سے نہ صرف رہائشی علاقے متاثر ہوئے بلکہ زرعی زمینیں بھی پانی کی لپیٹ میں آ گئیں۔

 سیلابی پانی کے باعث وسیع رقبے پر کاشت کی گئی فصلیں تباہ ہوگئیں، جس کے اثرات براہ راست عوام تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔سیلاب کی وجہ سے سبزیاں اور پھل شدید متاثر ہوئے ہیں۔ لاہور کی سنگھ پورہ سبزی منڈی میں اس وقت کوئی بھی سبزی ڈھائی سو سے تین سو روپے فی کلو سے کم دستیاب نہیں، جس نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی نے صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ضرور پہنچا ہے لیکن اصل اعداد و شمار پانی اترنے کے بعد سامنے آئیں گے۔ ان کے مطابق سبزیاں، گندم، کپاس سمیت کئی اہم فصلیں سیلاب کی زد میں آچکی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مشکلات میں اضافہ ہوگا تاہم عوام کو حوصلے اور صبر سے حالات کا سامنا کرنا ہوگا۔ زرعی ماہرین کے مطابق اگر حکومت نے فوری بحالی کے اقدامات نہ کیے تو فصلوں کی تباہی سے مہنگائی کی نئی لہر اٹھ سکتی ہے۔