بھارت میں سونا اسمگلنگ کیس میں مشہور کناڈا فلموں کی اداکارہ رانیا راؤ کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (DRI) نے اداکارہ پر 102 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں سال 3 مارچ کو 32 سالہ رانیا راؤ کو دبئی سے بنگلورو پہنچنے پر ایئرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا، جب حکام نے ان کے قبضے سے 14.8 کلوگرام سونا برآمد کیا۔ سونے کی مالیت اس وقت تقریباً 12 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق رانیا راؤ، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس رینک کے افسر ’کے رام چندر راؤ‘ کی سوتیلی بیٹی ہیں۔ ان کی گرفتاری نے بھارتی شوبز اور پولیس حلقوں میں خاصی ہلچل مچائی تھی۔اس سے قبل جولائی 2024 میں بھی اداکارہ کو COFEPOSA ایکٹ کے تحت کم از کم ایک سال قید کی سزا سنائی جا چکی تھی۔ اب DRI کی جانب سے 102 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ ان پر عائد کیے جانے کے بعد یہ کیس مزید سنگین رخ اختیار کر گیا ہے۔