ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے شاندار ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 100 انڈیکس کو 1 لاکھ 52 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے بھی اوپر پہنچا دیا۔
دوسری جانب ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ دورانِ ٹریڈنگ ہنڈرڈ انڈیکس میں 891 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1 لاکھ 50 ہزار 976 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق حکومتی پالیسیوں میں تسلسل، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور ڈالر کی قیمت میں کمی نے اسٹاک مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ادھر زرمبادلہ کی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مزید 12 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق کمی کے بعد انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 281 روپے 60 پیسے ہوگئی ہے۔