پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) میں سرمایہ کاروں کے اعتماد اور سرگرم سرمایہ کاری کے باعث آج (جمعرات) بھی زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔
کاروباری دن کے آغاز پر انڈیکس میں 361 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 1,50,952 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ بعد ازاں خرید و فروخت میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی اور سرمایہ کاروں کے پرجوش رجحان نے مارکیٹ کو مسلسل اوپر کی جانب دھکیلا۔اسی تسلسل میں انڈیکس نے 429 اور پھر 636 پوائنٹس کی مزید تیزی کے ساتھ نئی ریکارڈ بلندی کو چھوتے ہوئے 1,51,227 پوائنٹس کی سطح عبور کر لی۔کاروبار کے دوران اگرچہ کچھ وقفوں پر مندی بھی دیکھنے میں آئی، تاہم مجموعی طور پر مارکیٹ میں مثبت رجحان غالب رہا۔ معاشی اشاریوں میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی نے بھی اس تیزی کو سہارا دیا۔گزشتہ چند ہفتوں سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل ریکارڈ تیزی دیکھی جا رہی ہے، اور اس دوران انڈیکس کی بلندی کے کئی نئے سنگ میل قائم ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ رجحان سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد اور مستقبل کی معیشت سے مثبت توقعات کا مظہر ہے۔