کراچی:27 ہزار والدین کا انسدادپولیو ویکسین پلانے سے انکار

اپنے بچوں کے دشمن نہ بنیں، پولیو کا کوئی علاج نہیں‘ کینسر کا علاج موجود ہے
 افغانستان میں بھی مسلمان بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلائے جا رہے ہیں:وفاقی وزیر صحت
 کراچی(آئی این پی ) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے انکشاف کیا ہے کراچی کے ستائیس ہزار والدین نے پولیو ویکیسن پلانے سے انکار کردیا ہے۔ کراچی میں پولیو مہم کا آغاز وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے سہراب گوٹھ سے بچوں کو قطرے پلا کر کیا، اس موقع پر وزیر صحت نے انکشاف کیا کہ شہر میں ستائیس ہزار والدین نے پولیو ویکسین پلانے سے انکار کر دیا ہے۔مصطفی کمال نے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بچوں کے دشمن نہ بنیں، کیونکہ پولیو کا کوئی علاج نہیں جبکہ کینسر کا علاج موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھی مسلمان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں، لیکن ہمارے ہاں اسے غلط رنگ دے کر بچوں کے مستقبل سے کھیلا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر صحت نے واضح کیا کہ کسی کو زبردستی پولیو ویکسین نہیں پلائی جائے گی اور نہ ہی پولیس والدین کو مجبور کرنے کے لیے گھروں میں جائے گی، تاہم والدین کو سوچنا ہوگا کہ پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے بغیر وہ اپنے ہی بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں