پولیو ویکسین کا انکار منظور نہیں ، 2025پولیو کیسز پر کنٹرول کا سال ہونا چاہیے، وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ
کراچی(آئی این پی ) سندھ میں پولیو ویکسین پلانے سے انکار کے 98فی صد کیسز کراچی سے سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ منگل کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی پولیو ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 3تا 9فروری کو شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاری کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعلیٰ نے شہری علاقوں میں پولیو کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں ہائی رسک یونین کونسلز ہیں، جب کہ سندھ میں قطرے پلانے سے انکار کے 98 فی صد کیسز کراچی سے سامنے آئے ہیں۔ بریفنگ کے مطابق کراچی میں قطرے پلانے سے انکار کے 50 فی صد کیسز کچی آبادیوں میں رپورٹ ہوئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ واضح کہہ دیا ہے کہ پولیو ویکسین کا انکار منظور نہیں ہے، 2025پولیو کیسز پر کنٹرول کا سال ہونا چاہیے، جہاں بچے قطرے پینے سے رہ جائیں، وہاں کے ڈی ایچ او کے خلاف کارروائی کی جائے، انھوں نے مزید کہا کہ جعلی یا غلط کوریج رپورٹنگ کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔