یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت پہلے ادارے بند کر دیتی ہے پھر سوچتی ہے
ادارے کرپشن کی وجہ سے نہیں، ذاتی فائدے کیلئے بند کئے جا رہے ہیں:چودھری منظور ‘ ندیم افضل چن
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا ہے کہ حکومت وعدے سے مکر گئی اور یوٹیلیٹی اسٹورز بند کر دئیے۔اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے اپنے علاقے میں مصروف تھا، حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے ساتھ کھڑے ہیں، وفاقی وزیر نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کا اعلان کیا، حکومت پہلے ادارے بند کر دیتی ہے پھر سوچتی ہے۔چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ اسٹیل مل بند ہوئی، لوگ بے روزگار ہوگئے، کسی نے ان کا حال نہ پوچھا، یوٹیلیٹی اسٹورز کی سب سے زیادہ ضرورت تھی، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن ہو سکتا تھا، قومی اسمبلی میں کہا گیا یوٹیلیٹی اسٹورز بند نہیں ہوں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ ادارے کرپشن کی وجہ سے نہیں، ذاتی فائدے کے لئے بند کیے جا رہے ہیں۔ یوٹیلیٹی اسٹورز سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، حکومت کے پاس ڈیٹا موجود ہے، متاثرین کو فوری مدد دی جائے۔