اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت کی ہدایت پر ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی جانب سے ملک بھر کے تمام ذونل مینجرز کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے ملک بھر کے اسٹورز پر اشیا کی خریدو فروخت کا عمل جمعرات سے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور ادارے کے تمام سٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہائوسز کو منتقل کر دیا گیا ہے۔یوٹیلٹی سٹورز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی آپریشن بند کرنے کے احکامات کی توثیق کرتے ہوئے ادارے کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے یوٹیلٹی سٹورز کے تمام ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ دیا جائے گا اور وزارت خزانہ کی کمیٹی اس معاملے پر کام کاررہی ہے تاہم ملازمین کے احتجاج کے باعث معاملہ تاخیر کا شکار ہے۔