پنجاب : 14دسمبر کو بلدیاتی ا لیکشن کی تجویز

کاغذات نامزدگی27 سے 30 اکتوبر تک جمع ،2سے5نومبر تک جانچ پڑتال کی جائیگی: الیکشن کمیشن نے شیڈول بھجوا دیا
 لاہور (خصوصی رپورٹ)الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر کو کرانے کی تجویز دے دی،الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا ڈرافٹ شیڈول چیف سیکرٹری پنجاب کوبھیج دیا،الیکشن کمیشن کے مجوزہ شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی27 اکتوبر سے 30 اکتوبرکے درمیان جمع کرائے جاسکیں گے جب کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 2 سے 5 نومبر کے دوران ہوگی۔مجوزہ شیڈول کے مطابق اپیلیں 7 سے 11 نومبر کے دوران دائر کی جا سکیں گی، ٹربیونل 12 سے 16 نومبر کے دوران اپیلیں نمٹائیں گے اور کاغذات نامزدگی 18 نومبر تک واپس لئے جاسکیں گے۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے تحت 19 نومبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کی جائیگی، 20 نومبر کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے اور پولنگ 14 دسمبر کو ہوگی جب کہ ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان 17 دسمبر تک کریں گے۔