الیکشن کمیشن کی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 14دسمبر کو کرانے کی تجویز

ڈرافٹ شیڈول چیف سیکرٹری پنجاب کو ارسال، کاغذات نامزدگی 27سے 30اکتوبر تک جمع ہوں گے
 لاہور (یواین پی) الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو بلدیاتی انتخابات 14دسمبر کو کرانے کی تجویز دے دی۔الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں انتخابات کا ڈرافٹ شیڈول چیف سیکرٹری پنجاب کوبھیج دیا۔الیکشن کمیشن کے مجوزہ شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی27اکتوبر سے 30اکتوبرکے درمیان جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 2سے 5نومبر کے دوران ہوگی۔مجوزہ شیڈول کے مطابق اپیلیں 7سے 11نومبر کے دوران دائر کی جا سکیں گی، ٹربیونل 12سے 16نومبر کے دوران اپیلیں نمٹائیں گے اور کاغذات نامزدگی 18نومبر تک واپس لی جاسکے گی۔الیکشن کمیشن کے شیڈول کے تحت 19نومبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کی جائیگی، 20نومبر کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے اور پولنگ 14دسمبر کو ہوگی جبکہ ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان 17دسمبر تک کریں گے۔