مہنگائی کی رفتار میں اضافہ، سالانہ شرح 11.53 فیصد تک پہنچ گئی

مہنگائی کی رفتار میں اضافہ، سالانہ شرح 11.53 فیصد تک پہنچ گئی

ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی رفتار 11.53 فیصد تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 20 اشیائے ضروریہ مہنگی، 10 سستی جبکہ 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے چکن 7.25 فیصد، لہسن 1.85 فیصد، دال چنا 1.30 فیصد، ایل پی جی 1.17 فیصد، انڈے 0.72 فیصد، ایری چاول 0.55 فیصد، پیاز 0.39 فیصد، واشنگ سوپ 0.33 فیصد اور آٹا 0.29 فیصد مہنگا ہوا۔دوسری جانب ڈیزل کی قیمت میں 3.43 فیصد، پٹرول میں 0.65 فیصد، دال مونگ میں 0.63 فیصد، چینی میں 1.05 فیصد، آلو میں 0.96 فیصد، دال مسور میں 0.42 فیصد اور ٹماٹر میں 0.51 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

آمدنی کے مختلف گروپس کے حوالے سے اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ 17,732 روپے تک آمدنی والے طبقے میں سالانہ مہنگائی کی شرح 9 فیصد، 17,733 سے 22,888 روپے آمدنی والے طبقے میں 10.76 فیصد، 22,889 سے 29,517 روپے والے طبقے میں 9.40 فیصد، 29,518 سے 44,175 روپے والے طبقے میں 9.81 فیصد جبکہ 44,176 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی والے طبقے میں مہنگائی کی سالانہ شرح 11.99 فیصد رہی۔