معاون پائلٹ نے کپتان پرحملہ کیا، سعودی، اماراتی ابتدائی تحقیقات

 کارروائی کا مقصد ایران کو ذمہ دارٹھہرا کرصدر ٹرمپ کو نئی جنگ میں دھکیلنا ہے:ایرانی میڈیا 
ریاض،تہران(آئی این پی )سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مشترکہ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ معاون پائلٹ نے طیارے کے کپتان پرحملہ کیا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مشترکہ ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ  جھڑپ میں دونوں پائلٹس زخمی ہوئے، تبوک میں کپتان اور معاون پائلٹ کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔صحت بہتر ہونے پر دونوں پائلٹس کو آج صبح ابو ظہبی روانہ کیا گیا، اماراتی حکام کا کہنا ہے حملہ کرنے والے پائلٹ اور کپتان سے مزید تفتیش ہوگی۔ دوسری جانب ایرانی میڈیا نے اماراتی طیارے کے واقعہ کو فالزفلیگ کارروائی قرار دے دیا۔ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق کارروائی کا مقصد ایران کو ذمہ دارٹھہرا کرصدر ٹرمپ کو نئی جنگ میں دھکیلنا ہے، میڈیا نے دعوی کیا کہ یہ منصوبہ اسرائیلی وزیراعظم کے حالیہ دورہ یو اے ای کے دوران زیربحث آیا اور حتمی شکل دی گئی۔رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کو خدشہ ہے انتخابات میں وہ اکثریت حاصل نہیں کرسکیں گے، اقتدار سے محرومی کے بعد انہیں مقدمات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔میڈیا رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ نیتن یاہو اپنی سیاسی ساکھ بہتر بنانے اور امریکا کو دوبارہ جنگ میں شامل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔