کوٹ لکھپت جیل میں قیدی کی ہلاکت پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ معطل

 غفلت اور نااہلی پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کامران مقبول کو ایس ڈی او  بنا دیا گیا
 لاہور (زیڈ این این) سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں قیدیوں کے درمیان جھگڑے اور ایک قیدی کی ہلاکت کے واقعے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو کامران مقبول کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق نااہلی اور شدید غفلت کا مظاہرہ کرنے پر کامران مقبول کو معطل کر کے ایس ڈی او (SDO) بنا دیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 6 اہلکار پہلے ہی معطل کیے جا چکے ہیں۔اسی تناظر میں محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل خانہ جات میں متعدد افسران کی تقرریوں اور تبادلوں کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فضل الہٰی کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو سینٹرل جیل لاہور، حافظ محمد رضوان کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ جیل جھنگ، اور آصف مرتضیٰ کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو سینٹرل جیل فیصل آباد تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ شہزاد احمد کو انسپکٹوریٹ آف پریژنز پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ نے تمام جیلوں میں انتظام و انصرام اور سکیورٹی کو برقرار رکھنے کے لیے نئے قواعد و ضوابط جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نااہلی، بدانتظامی اور قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قیدیوں کے تصادم کے دوران اشرف نامی قیدی جاں بحق جبکہ فلک شیر شدید زخمی ہوا تھا، جس کی تحقیقات کے لیے 3 ڈی آئی جیز پر مشتمل اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی قائم کی گئی تھی۔