گورنر راج اور ایمرجنسی نامنظور پی ٹی آئی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرینگے حافظ نعیم الرحمن

ملک میں امن و امان، معاشی صورت حال، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری عمل کی بحالی کے لئے  متفقہ قومی ایجنڈے کی اشد ضرورت ہے 
 مذاکرات  کا فیصلہ خوش آئند ‘ بات چیت محض رسمی ملاقات یا فوٹو سیشن تک محدود نہیں رہنی چاہیے:پی ٹی آئی وفد سے ملاقات کے بعد گفتگو
اسلام آباد(آئی  این پی )جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس  میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کی مخالفت کی ہے۔پی ٹی آئی  کے ایک  وفد نے  جمعہ کو اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، اپوزیشن لیڈر علامہ ناصر عباس اور سینیئر سیاست دان مصطفی نواز کھوکھر اور نامزد سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، جسے قبول کرلیا گیا ہے، ملک میں امن و امان، معاشی صورت حال، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری عمل کی بحالی کے لیے ایک متفقہ قومی ایجنڈے کی اشد ضرورت ہے۔امیر جماعت اسلامی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی آئین کو معطل یا پامال کرنے اور موجودہ نظام کو مخصوص مقاصد کے لئے   متاثر کرنے والے کسی اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو بہت پہلے بامعنی مذاکرات کا آغاز کرنا چاہیے تھا، تاہم تاخیر کے باعث معاملات خراب ہوئے، مذاکرات کے لئے قائم کمیٹی کا فیصلہ خوش آئند ہے، لیکن بات چیت محض رسمی ملاقات یا فوٹو سیشن تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ اس کے نتیجے میں پیش رفت ہونی چاہیے۔