پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں، پٹرول پر عائد لیوی قیمت سے متعلق نہیں، یہ عوام پر بھتہ اور گنڈا ٹیکس ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں لیوی عائد کرنا لازمی شرط نہیں
وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تو پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں ریلیف پر دوٹوک بات ہوگی، جس مقام پر پہنچ چکے ہیں وہاں سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے:میڈیا سے گفتگو
کراچی(آئی این پی ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے پی ٹی آئی کے مطالبات جائز ہیں، گورنر راج گلے پڑ جائے گا، پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم ہونی چاہئیں، ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوگا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا سیاسی کشمکش میں عوام کے اصل مسائل نظر انداز ہوگئے ہیں، عوام جن کے ووٹ اور حمایت سے سیاسی جماعتیں آگے بڑھتی ہیں، انہی کے مسائل نظر انداز ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ٹرانسپورٹ، تعلیم، صحت اور روزگار عوام کے بنیادی مسائل ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی عوام کا بنیادی مطالبہ ہے۔ حکومت بہانے بناتی ہے کہ عالمی سطح پر پیٹرول مہنگا ہے، اس لئے قیمت بڑھائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے باعث حکومت پیٹرول کی قیمتوں پر بات چیت پر آئی، تاہم حکومت سے بات چیت کے باوجود جماعت اسلامی احتجاج سے دستبردار نہیں ہوئی۔ پورے پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں کے خلاف احتجاج جاری ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جو تھوڑا بہت ریلیف دیا جا رہا ہے، یہ جماعت اسلامی کے احتجاج کی وجہ سے ہے۔ لاہور میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کے باوجود احتجاج کیا گیا، جبکہ عوامی رائے لینے کے لئے احتجاجی کیمپ اور ریلیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تو پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں ریلیف پر دوٹوک بات ہوگی۔ جس مقام پر پہنچ چکے ہیں وہاں سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرول پر عائد لیوی قیمت سے متعلق نہیں، یہ عوام پر بھتہ اور گنڈا ٹیکس ہے۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام میں پیٹرول لیوی عائد کرنا لازمی شرط نہیں