بھارت کی جانب سے پانی روکنا آبی جارحیت ہے،پوری قوم کو مجاہد بنانا ہوگا
نیشنل کیڈٹ کور کو فعال کیا جائے، امریکہ، بھارت اور اسرائیل اصل دہشت گرد ہیں
لاہور(خصوصی رپورٹر )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے بھارت فالس فلیگ آپریشنز کر کے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرتا ہے،بریفنگ سے کام نہیں چلے گا، پاک بھارت کشیدگی پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے،انہوں نے مطالبہ کیا بجٹ میں ایک لاکھ 20ہزار ماہانہ آمدن کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیاجائے، ظالمانہ ٹیرف پروفیشنل طبقے کی حوصلہ شکنی کر رہا ہے، حکومت صرف اشرافیہ کو فائدہ دے رہی ہے ۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی روکنا آبی جارحیت ہے، نیتن یاہو کی طرح مودی کو بھی امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے۔حافظ نعیم کا کہنا تھا پہلگام واقعے کے فوری بعد بھارتی میڈیا نے جنگی جنون بھڑکانا شروع کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان گٹھ جوڑ صرف دفاعی نوعیت کا نہیں بلکہ نظریاتی ہے۔ یہ گریٹر اسرائیل اور اکھنڈ بھارت کا خواب دیکھتے ہیں۔حافظ نعیم نے کہا کہ کشمیر، لداخ اور دیگر علاقوں میں بھارت مقامی آبادی کو اقلیت میں بدلنے کے اقدامات کر رہا ہے اور اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے محض خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چناب کا پانی روکنے جیسے جارحانہ اقدامات پر فوری طور پر اقوام عالم کو موثر انداز میں آگاہ کیا جائے۔