جاگیرداروں ،وڈیروں اور مافیاز کے ظالمانہ نظام کو برداشت نہیں کرینگے:حافظ نعیم الرحمن

جماعت اسلامی کا اجتماع عام نوجوانوں،کسانوں،مزدوروں اور خواتین سمیت پسے ہوئے طبقہ کے لئے امید کا پیغام ہوگا:پریس کانفرنس
لاہور (خصوصی رپورٹر)  امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے  78سال سے ظلم و جبر کے نظام نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے لوگوں کے ارمانوں کا خون کیا۔ عدالتیں انصاف دے سکیں نہ ادارے کسی کام آسکے۔ عوام بنیادی حقوق اور سہولیات سے محروم ہیں کوئی ان کا پرسان حال نہیں۔ 26ویںاور 27ویں ترمیم نے تو بیڑا غرق کردیا ہے۔جماعت اسلامی عوام کو وڈیروں،جاگیرداروں اور مافیاز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی۔جماعت اسلامی کے اجتماع عام میں شرکت کے لئے ملک بھر سے قافلے مینار پاکستان لاہور پہنچنا شروع ہوگئے،لاکھوں لوگوں کے قیام و طعام کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ بیرون ممالک سے بھی اسلامی تحریکوں کے قائدین بھی بڑی تعداد میں اجتماع میں شریک ہوں گے ۔جماعت اسلامی کا یہ اجتماع عا م ملک و قوم کے لئے امید کے نئے چراغ روشن کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینار پاکستان اجتماع گاہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور نائب امیر و ناظم اجتماع لیا قت بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضیا ء الدین انصار ی ایڈووکیٹ اور سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عوام اس وقت سخت مایوسی اور پریشانی میں ہیں ،انہیں کسی طرف سے امید کی کوئی کرن نظر نہیں آرہی ، 65فیصد نوجوان ہیں مگر انہیں تعلیم اور روز گار نہیں مل رہا۔اعلیٰ تعلیم کے دروازے غریب کے لئے بند کردیئے ہیں ۔طبقاتی نظام تعلیم میں امیر کا بچہ پڑھ رہا اور غریب کا بچہ سکول سے باہر ہے ،چند لیپ ٹاپ تقسیم کرکے حکمران سمجھتے ہیں کہ ان کا فرض پورا ہوگیا۔ عام لوگوں کی تعلیم اور ٹیکنالوجی تک رسائی نہیں۔ ملک میں لینڈ مافیاز ،ڈرگ مافیاز ،آئی پی پیز مافیاز چینی اور آٹا مافیاز ٹھیکیداروں اور وڈیروں کا راج ہے۔