ٹرینیں لیٹ، مسافروں کی تعد اد میں کمی

 شیڈول 27 روز بعد بھی شدید متاثر، ٹرینیں منسوخ کی جانے لگیں، فیصل آباد، شور کوٹ روٹ بند
 لاہور (خصوصی رپورٹ ) سیلابی صورتحال کے باعث لاہور سے کراچی، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت دیگر شہروں کو جانے اور آنے والی ٹرینوں کا شیڈول 27 روز بعد بھی متاثر، فیصل آباد، شور کوٹ روٹ بند، ٹرینیں متبادل روٹ لاہور ،ساہیوال سیکشن استعمال کرنے پر مجبور ،ٹرینوں کی آمد و روانگی میں گھنٹوں تاخیر کے باعث مسافروں کی تعداد میں ریکارڈ کمی ، ریلوے کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کراچی جانے والی دو سے تین ٹرینیں منسوخ کی جانے لگیں، ریلوے انتظامیہ نے گزشتہ روز دو ٹرینیں منسوخ کردیں، کراچی ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس کو منسوخ کردیا گیا، دونوں ٹرینوں کے مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا گیا۔پاک بزنس ایکسپریس کراچی کیلئے سہ پہر 4 بجکر 30 منٹ کی بجائے1 گھنٹہ 30 منٹ تاخیر سے شام 6 بجے لاہور سے روانہ ہوئی ، شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو گرین لائن میں ایڈجسٹ کیا گیا،گرین لائن کراچی کیلئے رات 8 بجکر 50 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی۔ کراچی جانے والی قراقرم لاہور سے متبادل روٹ براستہ ساہیوال کراچی روانہ ہوئی ،کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس متبادل روٹ براستہ لاہورساہیوال کراچی گئی۔