دفاعی معاہد ہ:اسحاق ڈار آج پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے

نائب وزیراعظم سے جرمنی ، ہنگری کے سفراء کی ملاقاتیں، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹس کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آج (جمعہ)کو پاک سعودی دفاعی معاہدے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے اور دونوں ایوانوں کومعاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے،امریکا کے غزہ سے متعلق بیس نکاتی ایجنڈے پر پاکستان کا موقف ارکان کے سامنے رکھیں گے۔ پیپلزپارٹی کے کچھ رہنماؤں نے پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے کی تفصیلات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔دوسری جانب دفترخارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان رواں سال 31دسمبر سے قبل کسی بھی وقت پاکستان کا دورہ کریں گے،اس دورے کے دوران جہاں سعودی عرب کی طرف سے 5 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان متوقع ہے وہیں گزشتہ سال اکتوبر میں سرمایہ کاری معاہدے آگے بڑھنے اور ان پر کام شروع ہونے کی امید بھی ہے۔ ادھر وزیر خارجہ سے جرمنی کی نئی مقررہ سفیر ایچ ای انا لیپل نے ملاقات کی ،اس دوران دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤ ں نے دوطرفہ سیاسی، تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات، موسمیاتی اقدامات، ہنرمند افرادی قوت کی نقل و حرکت، دفاع اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ دریں اثناء￿  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولتان وارگا نے بھی ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم اور ہنگری کے سفیر نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیتجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، دفاع و ثقافت میں تعاون کے فروغ کو سراہا ۔علاوہ ازیں سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے 2026-27 کے دوران(ایس سی او)کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹس کی پاکستان کی سربراہی کی تیاریوں کے بعد اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔وزیر خارجہ نے منصوبہ بندی کے عمل کی رہنمائی کی اور مناسب انداز میں میزبانی کی اہمیت پر زور دیا۔یہ اجلاس وزارت خارجہ میں منعقد ہوا جس میں طارق باجوہ، قائم مقام سیکرٹری خارجہ، سیکرٹریز، کابینہ ڈویڑن، داخلہ، اطلاعات، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی آئی سی ٹی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔