پاکستان کو وار رسک لسٹ سے نکال دیا گیا، عالمی اعتماد میں اضافہ ہوگا اسحاق ڈار

وار رسک لسٹ سے نکالے جانے کے بعد شپنگ اور انشورنس کے اخراجات میں نمایاں کمی کا امکان ہے جس سے درآمدات و برآمدات کے شعبے کو فائدہ پہنچے گا
 اس فیصلے سے پاکستان پر عالمی اعتماد میں اضافہ ہوگا ‘ بین الاقوامی تجارت کے لئے سازگار ماحول پیدا ہوگا‘ملکی معیشت کو مزید استحکام حاصل ہوگا:نائب وزیراعظم
اسلام آباد ( آن لائن ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کے لیے ایک اہم معاشی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان کو   وار رسک لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، جو عالمی سطح پر ملک کے لیے ایک بڑا معاشی سنگ میل ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس  پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اس فیصلے سے پاکستان پر عالمی اعتماد میں اضافہ ہوگا اور بین الاقوامی تجارت کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی حکومتِ پاکستان اور لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی مشترکہ اور مسلسل سفارتی و پیشہ ورانہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ نائب وزیراعظم نے  Lloyd's Joint War Committee  کے مثبت تعاون کو بھی سراہا۔اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان کو وار رسک لسٹ سے نکالے جانے کے بعد شپنگ اور انشورنس کے اخراجات میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس سے درآمدات و برآمدات کے شعبے کو فائدہ پہنچے گا، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔