پنجاب کے عوام کی تذلیل کرنے والوں کوجواب دینا میرا کام، معافی نہیں مانگوں گی مریم نواز

 شمالی اور جنوبی پنجاب کی تفریق ڈالنے والے عوام کے دوست نہیں، پنجاب کے تمام شہروں کو بند مٹھی کی طرح جوڑ کر رکھنا چاہتی ہوں‘ لوگ پروپیگنڈے میں نہ آئیں
 سیلاب میں لیکچر دیئے جا رہے تھے  عالمی امداد کیوں نہیں مانگتے، اب بس کر دیں، پاکستان کا ہر شخص اپنے وسائل کو استعمال کرے تو ملک کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا 
 پنجاب سے احساس محرومی ختم کردوں گی، سفارش اور دھاندلی پر مکمل فل سٹاپ لگادیا:لاہور میں تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں  تقریب سے خطاب 
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے  پنجاب کے عوام کی تذلیل کرنے والوں کو جواب دینا میرا کام ہے، اس پر کبھی معافی نہیں مانگوں گی، شمالی اور جنوبی پنجاب کی تفریق ڈالنے والے عوام کے دوست نہیں، پنجاب کے تمام شہروں کو بند مٹھی کی طرح جوڑ کر رکھنا چاہتی ہوں، لوگ پروپیگنڈے میں نہ آئیں، دوست اور دشمن کو پہچانیں، پنجاب سے احساس محرومی ختم کردوں گی،جلا ئوگھیرا ئوپر اکسانے والے آپ کے دشمن ہیں، باتوں میں آنے والے جیل میں اور خود ان کے بچے باہر محفوظ ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلی مریم نواز کا کہنا تھا کہ پوزیشن ہولڈرز نے پنجاب اور پاکستان کا نام روشن کیا، جس ملک میں اتنے سارے ٹاپرز ہوں اس کو کبھی زوال نہیں آسکتا، میرے پاس پنجاب میں 50 ہزار سکول اور کروڑوں بچے پڑھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے سرکاری سکولوں میں کس طرح کی روایتی تعلیم ہوتی ہے، پرائیویٹ اور گورنمنٹ سیکٹر کے سکولوں کی تعلیم میں بہت فرق آگیا ہے، جب وزیراعلی کا حلف اٹھایا تو کہا تھا پرائیویٹ اور گورنمنٹ سیکٹر کی تعلیم کا فرق ختم کروں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے، اس وقت پنجاب میں 80 ہزار بچے سکالرشپس پر اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، سمجھتی ہوں آپ کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ضروری ہے، سوچا تھا اچھی پرفارمنس والے طلبہ کو جدید لیپ ٹاپس دوں، بطور ماں آپ سب پوزیشن ہولڈرز پر بہت فخر ہے، ماں باپ دن رات محنت کر کے بچوں کے خواب پورے کرتے ہیں، خوشی ہے جتنا پنجاب کے بیٹوں نے پرفارم کیا اس سے بڑھ کر بیٹیوں نے بھی پرفارم کیا۔مریم نواز نے کہا کہ اقلیتی برادری کے ایک بچے نے ٹاپ کیا اس کا استاد مسلمان ہے، یہ ہے پاکستان، میرے لئے سب برابر ہیں، میرے سامنے کوئی تفریق نہیں، سفارش اور دھاندلی پر مکمل فل سٹاپ لگایا، جب میرٹ کو فروغ ملتا ہے تو آپ جیسے بچے سامنے آتے ہیں، پنجاب میں آج میرٹ کی پامالی نہیں ہوتی، امتحانی سینٹرز نہیں بکتے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلے کسی سیاسی جماعت کا سفارشی یا انتظامی بندے کا پسندیدہ شخص آپ کا حق لے جاتا تھا، اب میں نے کوئی اہم تقرری کرنی ہو تو پینلز کا انٹرویو خود کرتی ہوں، ٹاسک دیا ہوا ہے کہ میرٹ پر آنے والے لوگوں کو میرے پاس بھیجیں، آپ میرٹ پر ہیں تو کسی سفارش کی ضرورت نہیں