اسرائیل کو تسلیم کرنے والا غدار قرار پائے گا: حافظ نعیم الرحمن

 دو ریاستی حل محض دھوکہ ہے ، پاکستان کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا
  فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کیخلاف ملک بھر میں احتجاج  کیا جائیگا:امیر جماعت اسلامی
لاہور(آئی این پی )جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے  گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے کی مذمت  کرتے ہوئے  کہا ہے  اسرائیلی جارحیت نے مشرق وسطی اور دنیا کے امن کو تباہ کر دیا ہے،  اگر پاکستان نے کسی بھی شکل میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش کی تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے   انہوں نے کہا  اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کی حمایت دراصل فلسطین اور کشمیر کے عوام کی قربانیوں سے انحراف ہوگا۔حافظ نعیم نے مسلم لیگ ن  اور پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں کرپشن اور مراعات کے تحفظ کے لئے  ایک دوسرے کے ساتھ ہیں لیکن عوامی مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کر رہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکا نے اسرائیل کو قتلِ عام اور بمباری کا لائسنس دے رکھا ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ کا امن منصوبہ دراصل نیا نوآبادیاتی نظام ہے، جس میں فلسطینی عوام کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مجوزہ غزہ امن منصوبہ امن اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں رکھتا بلکہ اس میں صرف اسرائیل کے تحفظ کے امکانات ہیں اور فلسطین کا ذکر ہی نہیں‘انہوںنے اعلان کیا کہ فلوٹیلا پر حملوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چار اکتوبر کو لاہور، پانچ اکتوبر کو کراچی اور سات اکتوبر کو ملک گیر سطح پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔