کراچی(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے ایران کیخلاف بات کرنے والا دراصل اسرائیل اور امریکہ کا ایجنٹ ہے‘ پاکستانی قوم ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باوجود حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا ہے، پیٹرول کا وافر سٹاک موجود ہونے کے باوجود قیمت میں 55 روپے اضافہ کیا گیا جس سے عام شہری شدید متاثر ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عوام سے ماہانہ تقریبا 50 ارب روپے پیٹرول لیوی کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ مڈل کلاس پہلے ہی مہنگائی، بجلی کے بلوں اور مختلف ٹیکسز کے بوجھ تلے دبی ہوئی ہے، حکومت کی اپنی رپورٹس کے مطابق ایف بی آر بھی زیادہ تر ٹیکس مڈل کلاس سے وصول کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی شوگر ملز چلانے والے ٹیکس چوری کرتے ہیں جبکہ حکومت عام شہریوں پر مزید بوجھ ڈال رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ایران کے بعد ترکی اور پاکستان بھی اسرائیل کے ریڈار پر ہیں، ایران پیچھے نہیں ہٹے گا اور اگر ایسا ہوا تو اسرائیل کا دبائو پاکستان تک پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام دینے کے بیان پر قوم سے معافی مانگیں، حکومت کو پیس آف بورڈ سے باہر آ کر واضح موقف اختیار کرنا چاہیے۔