اسرائیل اور امریکہ کا اگلا ٹارگٹ پاکستان ہے: حافظ نعیم الرحمن

اسرائیل کے خلاف ایران کی حمایت کرنا مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے ورنہ کوئی نہیں بچے گا
پڑول کی قیمت سے لیوی ختم کریں قیمت چالیس فیصد کم ہو جائے گی:امیر جماعت اسلامی
لاہور(خصوصی رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا کا اگلا ٹارگٹ پاکستان ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے منصورہ لاہور میں  صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا سب سے منافق قوت کے طور پر سامنے آیا ہے، امریکا ایک طرف جنگ بندی کی بات کر رہا ہے اور دوسری طرف اسرائیل کو فوجی امداد بھی فراہم کررہا ہے، ایران پر ایٹمی ہتھیاروں کا الزام لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ امریکا نسل کشی اور ناحق قتل عام کرتا ہے، تمام مسلم ممالک ایران کے ساتھ ہیں، کچھ ممالک جو اسرائیل کی پشت پناہی کر رہے ہیں وہ یاد رکھیں ان کا خواب گریٹر اسرائیل ہے، اسرائیل ایران میں مرضی کی رجیم چینچ کرکے اپنی سرحدیں بڑھانا چاہتا ہے۔، ٹرمپ کی ثالثی مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرسکتی، ایران کی حمایت کرنا مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے ورنہ کوئی نہیں بچے گا۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا ہے کہ حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت کا بہانہ بناکر تیل مہنگا کر دیا، پڑول کی قیمت سے لیوی ختم کریں قیمت چالیس فیصد کم ہو جائے گی، بجٹ میں عوام پر بے تحاشا ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔