توڑ پھوڑ بھی کی، پولیس کا بروقت ایکشن، 5ملزم گرفتار ، دیگر فرار
جھگڑے کی وجہ سامنے نہ آسکی ، ڈی پی او کا نوٹس ، چھاپے جاری
اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)اوکاڑہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ایمرجنسی ٹراما سنٹر میں دو گروپوں میں جھگڑا، ہوائی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا،ہسپتال میں توڑ پھوڑ کی گئی،پولیس کا فوری ایکشن، جھگڑے میں ملوث 5 ملزم گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتال کے ایمرجنسی ٹراما سنٹر میں چک نمبر 24 جی ڈی کے درجن بھر رہائشیوں نے ہسپتال کو میدان جنگ بنا لیا،ہوائی فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلایا،توڑ پھوڑ کی۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس تھانہ اے ڈویڑن فوری موقع پر پہنچی اور حالات کو کنٹرول کرتے ہوئے 5 ملزموں وسیم باری، علی اکبر، فیضان، شیراز اور عرفان کو موقع سے گرفتار کرلیاجبکہ دیگر ملزم فرار ہوگئے، پولیس کی مدعیت میں اقدامِ قتل سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔فرار ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاحال جھگڑے کی وجہ سامنے نہ آسکی۔ڈی پی او نے ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر نگرانی کیس کی تفتیش میرٹ پر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے شر پسند اور غنڈہ گرد عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، شہر کا امن خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔