الہ آباد ،دو گروپوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق

الہ آباد،قصور (خصوصی رپورٹ )قصور کے تھانہ الہ آباد کے نواح میں دو گروپوں میں تصادم، شدید فائرنگ تبادلے کے دوران ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق الہ آباد کے نواحی علاقے بگھیانہ خورد میں دو گروپوں میں معمولی لڑائی جھگڑا شدید فائرنگ میں تبدیل ہوا۔گولی لگنے سے ایک شخص ادریس دم توڑ گیا۔ اس کی لاش کو ٹی ایچ کیو ہسپتال چونیاں منتقل کردیا گیا۔مقتول کے بھائی محمد شفیع ولد محمدشریف نے تھانہ الہ آباد میں مقدمہ درج کروایا کہ میرا بھائی ادریس روڈ پر پہلوان نامی شخص کے گھرکے سامنے کھڑا تھا کہ ملزم عقیل نے للکارا مارا کہ ہمارے والد کی بات نہ ماننے پر اس کو مزا چکھا دوجس پرعقیل کے ساتھی راحیل یحییٰ نے پستول سے گولی ماری جومیرے بھائی کے سر پر لگی اور وہ موقع پر ہی چل بسا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ پولیس کا کہنا ہے جلد ملزموں کو گرفتار کر لیں گے۔