پاکستان سمیت دنیا بھرسے افراد شریک ہونگے،تیاریاں حتمی مراحل میں
لاہور/رائیونڈ( خصوصی رپورٹ)رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ6نومبر سے شروع ہوگا جسکی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔اجتماع امسال بھی دو حصوں میں ہوگا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں افرادشریک ہونگے۔ سالانہ اجتماع کا پہلا مرحلہ 6 نومبر کو بعدا زنمازِ عصررائیونڈ سند روڈ پر وسیع و عریض میدان میں شروع ہوگااور9 نومبرکودعا کے ساتھ اختتام پذیرہوگا،پہلے مرحلے میں دیر، باجوڑ، بونیر، چترال، سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی صوبہ سندھ کے تمام اضلاع (علاوہ کراچی)راولپنڈی، اسلام آباد، چکوال، جہلم، اٹک، کشمیر کے تمام اضلاع ، لیہ، مظفر گڑھ، بھکر، کرک سے زائرین شرکت کرینگے جبکہ دوسرا مرحلہ 13 نومبر کو شروع ہوگااور 16 نومبر کودعا پر اختتام پذیرہوگا۔دسرے مرحلے میں گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہائوالدین، شیخوپورہ، حافظ آباد گلگت بلتستان کے مکمل اضلاع، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہستان، بٹگرام، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، لودھراں،کوہاٹ، بنوں، اورکزئی، کرم ،مردان، صوابی، مالاکنڈ جنوبی کے افراد شرکت کرینگے۔امسال 10لاکھ افراد کے قیام وطعام کے انتظامات کئے جارہے ہیں،محکمہ ریلوے اس موقعہ پرخصوصی ٹرینیں چلائے گا ،اجتما ع ایام میں تمام نان سٹاپ ٹرینیں رائیونڈ جنکشن پر رکیں گی ،وزیر اعلی ٰنے شرکائے اجتماع کیلئے الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔