ٹرک رکشہ پر الٹ گیا، خاندان کے4افراد ہلاک

جاں بحق ہونیوالے میاں ، بیوی، بیٹا اور بہو شامل ، ٹرک کو کرین کے ذریعے اٹھا کر لاشیں نکالی گئیں، ٹریفک جام 
لاہور (کرائم رپورٹر)ایم اے او کالج کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں میاں ، بیوی، بیٹا اور بہو جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق تھانہ اسلام پورہ ایم اے او کالج کے قریب بوتلوں سے بھرا ایک ٹرک بے قابو ہو کر رکشے پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے،۔ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ ٹرک کو کرین کے ذریعے اٹھا کر لاشیں نکالی گئیں۔جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ شبانہ زوجہ شفیق، 67 سالہ شفیق ولد فردوس محمد، 35 سالہ ساجد ولد شفیق اور 32 سالہ اقرا زوجہ ساجد شامل ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشیں مردہ خانے منتقل کر دیں جبکہ ٹریفک جام ہو گئی ، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا۔ پولیس نے مزید کارروائی شروع کر دی۔