673 کلو مضرصحت گوشت تلف، 3 میٹ شاپس سیل

فوڈ سیفٹی ٹیموں کی ٹھوکر کے علاقے میں کارروائی ، بدبودار گوشت برآمد 
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مضرصحت گوشت فروخت کرنے والی میٹ شاپس کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 673 کلو مضر صحت گوشت تلف کر دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ٹھوکر کے علاقے میں کارروائی کی، 3 میٹ شاپس کو سیل کیا گیا اور تین مقدمات درج کروادیئے گئے۔چیکنگ کے دوران ٹیموں کو میٹ شاپس میں صفائی کے ناقص انتظامات، ٹوٹے ہوئے فرش، کھلی نالیاں پائی گئیں اور فریزروں سے ایکسپائر شدہ بدبودار گوشت برآمد ہوا۔ دکانوں پر لازمی ریکارڈ، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس بھی موجود نہیں تھے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کیخلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رکھی جائیں گی۔ ناقص گوشت کا استعمال انسانی صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہے اور پیٹ و انتڑیوں کے امراض کا باعث بن سکتا ہے۔