مغربی کینیا میں لینڈ سلائیڈنگ، ہلاکتیں 26 ہوگئیں، امدادی کارروائیاں جاری

مغربی کینیا میں لینڈ سلائیڈنگ، ہلاکتیں 26 ہوگئیں، امدادی کارروائیاں جاری

مغربی کینیا کی رِفٹ ویلی میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 26 ہو گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، حکومتی ترجمان آئیزک مواورا نے بتایا کہ یہ المناک واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق، الگئیو ماراکویٹ کاؤنٹی میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد اب تک 25 افراد لاپتہ ہیں، جبکہ 26 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جن میں سے بیشتر ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں سرچ اور ریسکیو کے لیے فوجی طیارے اور آفات سے نمٹنے والے ماہرین تعینات کیے گئے ہیں تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو جلد نکالا جا سکے۔ کینیا میں گزشتہ چند برسوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی وجہ موسمیاتی تبدیلی اور غیر معمولی موسمی حالات کو قرار دیا جاتا ہے۔

پچھلے سال وسطی کینیا میں مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب سے 61 افراد جان سے گئے تھے۔ اس کے علاوہ، پڑوسی ملک یوگنڈا کی مشرقی وادیوں میں بھی حالیہ ہفتوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یوگنڈا ریڈ کراس کے مطابق، دونوں ممالک میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے مزید خطرات کا سامنا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں سے دور رہیں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔