تحریک عدم اعتماد آئندہ ہفتے جمع کرائی جائے گی، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد وزیراعظم کیلئے نام کا اعلان ہو گا
آزادکشمیر حکومت سازی سے متعلق 2 سینئر رہنماوں کو ذمہ داری ملی ، سینئر پی پی رہنما وزیراعظم کے انتخاب تک مظفر آباد میں ہونگے
ا سلام آباد(آئی این پی ) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے ایم ایل ایز کو گھر جانے کی اجازت مل گئی، گزشتہ 10 دنوں نے دارلحکومت میں موجود اراکین کو اب گھر جانے کی اجازت ملی۔آزادکشمیر میں حکومت سازی کا عمل تیزی سے جاری ہے، ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پی پی آزادکشمیر کے ارکان اسمبلی 21 اکتوبر سے اسلام آباد میں تھے، پی پی آزادکشمیر کے بعض ارکان اسمبلی آبائی علاقے روانہ ہوچکے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ چوہدری یاسین اور فیصل راٹھور اسلام آباد میں ہی موجود ہیں، پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے اور حمایت کرنے والے 4 ایم ایل ایز بھی واپس روانہ ہوگئے ۔پی پی ذرائع نے بتایا کہ ایم ایل ایز کو آئندہ ہفتے مظفرآباد میں موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، پیپلزپارٹی کی جانب سے تحریک عدم اعتماد آئندہ ہفتے جمع کرائی جائے گی، تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد وزیراعظم کیلئے نام کا اعلان ہو گا۔قیادت نے آزادکشمیر میں حکومت سازی کیلئے ذمہ داریاں سونپ دیں، پی پی آزادکشمیر کا عہدیدار وزیراعظم کیلئے امیدوار کے نام کا اعلان کریگا۔پی پی ذرائع نے بتایا کہ آزادکشمیر حکومت سازی سے متعلق 2 سینئر رہنماں کو ذمہ داری ملی ہے، سینئر پی پی رہنما تحریک عدم اعتماد اور وزیراعظم کے انتخاب تک مظفر آباد میں ہونگے۔