وزیر اعلیٰ ہائوس کے پی کے میں اجلاس،5 ایم این ایز ،5ایم پی ایز نے شرکت نہ کی

 10 ارکان اسمبلی کی عدم شرکت 

 سچا اور غیرت مند بانی پی ٹی آئی کا ساتھی ہوگا، بشریٰ بی بی کی ویڈیو وائرل، پارٹی اجلاسوں میں شرکت کیلئے سب کو بلایا گیا تھا، کوئی نہ آئے تو اس کی اپنی مرضی ہے : شوکت یوسفزئی، احتجاج کیلئے ورکرز کو نکالنا اہم : عاطف خان
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ ہاوٓس کے پی کے میں تحریک انصاف کے احتجاج سے متعلق اجلاسوں میں 10 اراکین نے شرکت نہیں کی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عاطف خان اور جنید اکبر سمیت 5 ایم این ایز نے کسی بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ مالاکنڈ سے رکن صوبائی اسمبلی شکیل خان سمیت مردان، سوات، نوشہرہ اور صوابی سے تعلق رکھنے والے 4 ایم پی ایز نے بھی اجلاسوں میں شرکت نہیں کی۔ رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے کہا کہ اجلاس میں شرکت کے لیے میسج ملا ہوگا، نہیں دیکھا لیکن میٹنگ میں جانا ضروری نہیں بلکہ احتجاج کیلئے ورکرز کو نکالنا اہم ہے۔پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کا کہنا تھا کہ مردان میں ہوں، مجھے پیسوں کی ضرورت نہیں، احتجاج کیاخراجات خود اٹھاوٓں گا اور ہر صورت اسلام آباد جائیں گے۔دوسری جانب پارٹی رہنما جنید اکبر نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو بانی پی ٹی آئی نے چنا ہے، ان کے ساتھ ہیں، اجلاس میں شرکت ضروری نہیں، پارٹی سے جڑے ہیں، اسلام آباد ضرور جائیں گے۔مزید برآں پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پارٹی اجلاسوں میں شرکت کیلئے سب کو بلایا گیا تھا، کوئی نہ آئے تو اس کی اپنی مرضی ہے۔موبائل فون پر پابندی کے باوجود سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ویڈیو لیک، ساری منصوبہ بندی منظر عام پرآگئی،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بشریٰ بی بی کہتی ہیں میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام لائی ہوں، کل کوئی یہ نہ کہے کہ بانی کا پیغام ہمارے پاس نہیں پہنچا، ہر ایک کے پاس ان کا پیغام پہنچا دیا ہے،جو سچا اور غیرت مند ہوگا وہ با نی پی ٹی آئی کا ساتھی ہوگا،بشریٰ بی بی نے کہا کہ ایم پی اے 5 ہزار اور ایم این اے 10 ہزار افراد کا قافلہ لائے گا، آپ لوگوں نے گرفتاری سے بچنے کی حکمت عملی طے کرنی ہوگی۔ تمام عہدیدار اپنامتبادل تیار کریں، کوئی گرفتار ہوتا ہے تو پھر قافلہ متبادل لیڈ کرے، بعد میں یہ نہیں سنا جائے گا کہ گرفتار ہوگیا، تمام عہدیدار گاڑیوں کے اندر کی تصاویر اور ویڈیو بنائیں، یہ ویڈیوز ہمارے ساتھ شیئر کریں انٹرینٹ ہونے پر ویڈیوز ملکی اور غیر ملکی میڈیا کو موٹرسائیکل پر پہنچائیں، ویڈیوز ثبوت نہ دینے والوں کو اگلی بار ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔بشریٰ بی بی نے پارٹی قیادت کو وارننگ دی ہے کہ اگر اختلافات کے باعث 24 نومبر کا احتجاج متاثر ہوا تو سخت کارروائی ہوگی۔و زارت اعلیٰ اور وزیروں کی کرسیاں بدلتی رہیں گی مگر اختلافات نہیں ہونے چاہئیں۔