آپریشنل معیار کا تفصیلی جائزہ , آڈٹ کے دوران ماہرین طیاروں کا بھی معائنہ کریں گے
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان سے امریکا کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی کے سلسلے میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم جنوری میں ایک اور آڈٹ کیلئے پاکستان پہنچے گی۔ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے تمام متعلقہ شعبوں کے سربراہان کو امریکی آڈٹ کی تیاری مکمل رکھنے کی ہدایت کردی ۔امریکی ٹیم پاکستان سول ایوی ایشن اور ملکی ایئر لائنز کے طیاروں کی مینٹیننس، فلائٹ سیفٹی اور آپریشنل معیار کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آڈٹ کے دوران امریکی ماہرین ان طیاروں کا بھی معائنہ کریں گے جو مستقبل میں پاکستان سے امریکا کے لئے براہ راست پروازوں میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔یاد رہے کہ ستمبر میں امریکی ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے سی اے اے اور پاکستانی ایئر لائنز کے طیاروں کا ابتدائی آڈٹ کیا تھا۔جنوری میں ہونے والا نیا آڈٹ کامیاب ہونے کی صورت میں پاکستانی ایئر لائنز کی امریکا کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔