کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے میر پور خاص جانوروں کی خریداری کے لیے جانے والے ایک درجن سے زائد قصابوں کو مسلح ملزمان نے سپرہائی وے ٹول پلازہ کے قریب روک کر 95 لاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹ لی۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ گڈاپ سٹی تھانے میں درج کر لیا ہے۔مدعی مقدمہ فرحان نے پولیس کو بتایا کہ وہ 30 اپریل 2025 کی رات دیگر قصاب ساتھیوں کے ہمراہ جانوروں کی خریداری کے لیے میر پور خاص مویشی منڈی جا رہے تھے۔ رات 2 بجکر 45 منٹ پر جب وہ سپرہائی وے ٹول پلازہ کے قریب پہنچے، تو ایک سفید رنگ کی ویگر گاڑی ان کے ساتھ آئی اور سائیڈ دے کر ان کی گاڑی کو روکا۔ اس کے بعد 8 مسلح افراد اترے جن میں سے چار سفید رنگ کے شلوار قمیض میں اور باقی سیاہ رنگ کی شرٹ اور خاکی رنگ کی پینٹ میں ملبوس تھے۔ ان میں سے ایک شخص کے پاس پڑا اسلحہ تھا اور باقی افراد پستول سے مسلح تھے۔فرحان نے بتایا کہ ملزمان نے اسلحہ کے زور پر انہیں ڈرا دھمکا کر ان سے رقم لوٹ لی۔ اس دوران مختلف قصابوں سے لاکھوں روپے نقد رقم چھینی گئی۔ فرحان نے بتایا کہ انہیں 10 لاکھ 25 ہزار روپے نقد لوٹنے کے علاوہ ان کے ساتھیوں سے بھی بھاری رقم چھینی گئی، جن میں سے کچھ رقم اور موبائل فون بھی ملزمان نے چھین لیے۔
ایف آئی آر میں بیان کے مطابق، ملزمان نے قصابوں سے 95 لاکھ روپے نقد، مختلف موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ فرحان اور دیگر متاثرہ افراد نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر ہفتے جانوروں کی خریداری کے لیے میر پور خاص جاتے ہیں اور گاڑی اڈے کے منیجر گلزار سے فون پر بک کرتے ہیں۔
متاثرہ افراد نے یہ بھی بتایا کہ واردات میں ملوث چار افراد پولیس یونیفارم میں ملبوس تھے، جس کا ذکر انہوں نے ایف آئی آر میں کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن یہ بات ایف آئی آر میں درج نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ واردات کے بعد ایک سیاہ رنگ کی ویگو گاڑی میں سوار ایک اے ایس آئی موقع پر پہنچا اور پوچھا کہ کیا آپ کو لٹ لیا گیا ہے؟ متاثرہ افراد نے اسے بتایا کہ وہ ملزمان کی گاڑی کا تعاقب کر رہے ہیں، لیکن وہ واپس نہیں آیا۔
اس کے بعد، مددگار 15 کی موبائل بھی موقع پر پہنچی اور بتایا کہ آپ کی طرف سے کال کی گئی ہے، حالانکہ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے کسی کو 15 پر اطلاع نہیں کی تھی کیونکہ ملزمان نے ان کے تمام موبائل فون چھین لیے تھے۔مدعی فرحان نے پولیس کی کارکردگی پر سوال اٹھایا ہے اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس واردات کا نوٹس لیں اور ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے لوٹی گئی رقم اور دیگر سامان واپس دلائیں۔